ملتان(جنرل رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود نے قبرستانوں پر تجاوزات مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن تمام قبرستانوں پر سروے کر کے ایک ہفتہ میں رپورٹ جمع کروائے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر جاوید اختر محمود نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قبرستانوں کی چار دیواری تعمیر کرنے بارے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔انسان کی آخری آرام گاہ قبرستان ہے۔ قبرستانوں کی صفائی بہتر بناکر اس میں شجرکاری بھی کی جائے گی۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کارپوریشن کو غیر قانونی مذبحہ خانوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں سے ہرگز نرمی نہ برتی جائے۔ وال چاکنگ مافیا کی سرکوبی کیلئے انکے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔انہوں نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا حکم بھی دیا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ بھتہ مافیا کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔بھتہ مافیا سے ریکوری کروا کر سرکاری خزانے میں جمع کروائی جائے گی. انہوں نے کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ کے شہر میں جاری تجاوزات آپریشن کو سراہا ۔اجلاس میں کمشنر ملتان کو ترقیاتی منصوبوں، غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی، کتا مار مہم اور دیگر آپریشنز بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔