شجاع آباد،رحیم یارخان(خبرنگار، کرائم رپورٹر) شجاع آباد اور رحیم یار خان میں منشیات فروشوں اور جواریوں نے پولیس پر حملہ، وردیاں پھاڑ دیں ملزم چھڑالیا شجاع آباد سے خبر نگارکے مطابق تھانہ صدر پولیس مخبر کی اطلاع پر منشیات فروش بشیر احمد کو ٹھٹھ گھلواں میں گرفتار کرنی گئی پولیس موقع پر پہنچی تو بشیر احمد سرعام منشیات فروخت کررہاتھا پولیس پارٹی نے منشیات فروش بشیر کو گرفتار کرلیا جس پر قریبی گھروں سے 15سے 20مردخواتین نے ڈنڈوں سوٹوں سے مسلح ہوکر پولیس پارٹی پر حملہ کردیا اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دی اور گرفتار منشیات فروش بشیر احمد کو پولیس سے چھڑوالیا امتیاز نامی ملزم نے ڈنڈے کے وار سے پولیس ا ہلکار محمدسجاد پر حملہ کیا تو ڈنڈے کے وار اہلکار کا دانت ٹوٹ گیا پولیس پارٹی پر حملے میں متعدد اہلکار معمولی زخمی ہوئے ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے سول ہسپتال منتقل کردیاگیا پولیس پارٹی پر حملہ کرنیوالوں ملزمان میں عبدالعزیز‘ ممتاز‘ شبہاز‘ اللہ ڈتہ‘ محمدنواز‘ کاشف‘ اللہ بخش‘ بشیر احمد‘ محمدناصر‘ اور پانچ سے چھ نامعلوم خواتین بھی شامل ہیں حملہ میں ملزمان نے اہلکاروں سے26000ہزار روپے نقدی سروس کارڈ‘شناختی کارڈ بھی چھین لیے تھان صدر نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف کاروائی شروع کردی۔رحیم یارخان سے کرائم رپورٹر کے مطابق پولیس کواطلاع ملی کہ موضع سونک کے علاقہ میں افراد سرعام تاش کے پتوں کے ذریعے جواء کھیلنے میں مصروف ہیں جس پرپولیس نے مطلوبہ جگہ پر چھاپہ مارکر تین جواری عبدالمجید وغیرہ کو گرفتار کرکے دائو پرلگی ہوئی رقم‘ تاش کے پتے موبائل فون قبضہ میں لینے کے بعد ان جواریوں کو مزید کارروائی کیلئے حوالات منتقل کیا جارہا تھاکہ اسی دوران گرفتارجواریوں کے 12 سے زائد ساتھیوں اکرم وغیرہ نے گرفتار ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر دھاوا بول دیا‘اہلکاروں کو تشدد کانشانہ بنایا‘ وردیاں پھاڑڈالیں‘ موبائل فون نقدی مالیت74ہزار500روپے چھین لیئے تاہم پولیس کی جانب سے بھر پورمزاحمت پر ملزمان اپنے گرفتار ساتھیوں کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے‘ بعد ازاں پولیس نے سب انسپکٹر کی مدعیت میں ڈیڑھ درجن افراد کے خلاف سنگین دفعات کامقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔