سود سمیت رقم کی واپسی کے باوجود بلینک چیک پر ملزمان کی بلیک میلنگ

May 22, 2021

بہاول پور(مشتاق بھٹی  سے) سود سمیت رقم کی واپسی کے باوجود سود خورنے شہری  کا جینا حرام کردیا ۔بلینک چیک واپس واپس دینے سے انکار‘ مقدمات میں الجھا کرمذید رقم بٹورنے کی کوشش۔ تفصیل کے مطابق بستی صابو والا موضع ملک پور تحصیل خانپور کے رہائشی شبیر احمد نے ریجنل پولیس آفیسر کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ اسے اپنے بیٹے کے علاج معالجہ کے لئے رقم کی فوری اور اشد ضرورت تھی جس پر اس نے ججہ عباسیاں کے محمد بخش عف مکھن سے رابطہ کیا جو اسے رانا جلیل ساکن ججہ عباسیاں کے پاس لے گیا اور اسے سود پر رقم دینے کا کہا ۔ رانا جلیل نے اسے 57بوری یوریا کھاد کی مد میں مبلغ ایک لاکھ ایک ہزار روپے دیئے اور گارنٹی کے لئے اس سے ایک بلینک چیک حبیب بینک ججہ عباسیاں برانچ کا لے لیا۔ اور اپنی دکان کے لیٹر پیڈ پر بل سائل کے نام بنا کر دے دیا ۔ جس میں سود سمیت ایک لاکھ 45ہزار 350روپے کی رقم درج کی اور واپسی کی تاریخ 15جنوری 2015درج کی اور تاخیر کی صورت میں ہر ماہ فی بوری 100روپے اضافہ کی شرائط لکھوالی۔ شبیر احمد کے مطابق اس نے 28جنوری 2015کو 50ہزار روپے سال2016میں 40ہزار روپے سال2017میں 20ہزار روپے اور سال 2018میں بقیہ رقم 35ہزار روپے واپس کردیئے اور ان سے اپنے چیک کی واپسی کا کہا لیکن اسے سود خوروں نے چیک واپس نہ کیا بلکہ اسے حراساں کرنے لگے۔   رانا جلیل نے اس کا چیک موضع حسین آباد لودہراں کے رانا سرفراز کو دے دیا۔ رانا سرفراز نے اسے کہا کہ اس نے رانا جلیل سے لی گئی رقم مکمل ادا نہیں کی ہے اس لئے رانا جلیل نے تمارا چیک مجھے فروخت کردیا ہے اس نے خود کو ڈسٹرکٹ کورٹ لودہراں کا اہلمد ظاہر کیا۔ جب شبیر احمد نے اسے بتایا کہ کہ اس نے مکمل رقم ادا کردی ہے تو اس نے کہا تمہاری طرف سے صرف 51ہزار روپے ملے ہیں۔ بقیہ رقم دے دو ورنہ تمہارے خلاف مقدمہ درج کراکے تمہیں گرفتار کرادوں گا۔ جس پر شبیر احمد نے اپنا سامان وغیرہ فروخت کرکے رانا سرفراز کو 44ہزار روپے کی رقم دی۔ رانا سرفراز اسے لے کر رانا جلیل اور محمد بخش کے پا س چلنے کا کہا او ر اسے جھانسہ دے کر خود رفوچکر ہوگیا بعد ازاں اس کا چیک موضع سال صدر لودہراں کے عبدالستار کو فروخت کردیا۔ جس نے چیک پر چھ لاکھ روپے کی رقم لکھ کر اس کے خلاف تھانہ سٹی لودہراں میں مقدمہ درج کرادیا ۔ بعد ازاں ان کے دیگر ساتھیوں نورالحسن ،عمر دراز،اسے ایس آئی رانا ذوالفقار اور رانا شفیق نے اسے گاڑی میں بٹھا کر اغوا کرلیا اور اسے تھانہ سٹی لودہراں لے جاکر بند کردیا۔ جس پر اس نے عدالت عالیہ سے ضمانت کرائی۔ شبیر احمد نے کہا کہ اس نے اس حوالے سے ڈی پی او رحیم یارخان سے رجوع کیا انہوں نے اے ایس پی خانپور سلیم شاہ سے رپورٹ طلب کی لیکن اے ایس پی نے لیت و لعل سے کام لیا جبکہ ایس ایچ او ظاہر پیر نے سود خوروں کا ڈیٹا چھپالیا اس نے آرپی او سے سود خوروں اور ان کے پشت پناہوں کے خلاف کاروائی کی درخواست کی ہے۔

مزیدخبریں