بھارت سیاسی جھگڑوں کا فائدہ اٹھاکر دہشت گردی کرارہا ہے،ایس ایم منیر

May 22, 2022

کراچی (کامرس رپورٹر )سرپرست اعلی کاٹی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کراچی کی اکانومی ختم ہورہی ہے،بھارت ہمارے ملک میں سیاسی جھگڑوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے  دہشت گردی کرارہا ہے اورحالیہ دھماکوں میں را ملوث ہے ، ہم افواجِ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں ،افواجِ پاکستان کی وجہ سے ہم اپنے گھروں میں محفوظ ہیں، 1998 سے بننے والا منصوبہ کے 4 بن رہا ہے جو تاحال نامکمل ہے۔انہوں نے ہفتے کو کاٹی میں چیف سیکریٹری سندھ کی آمد پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے فیکٹریاں پنجاب منتقل ہوئیںہمیں جائز طریقے سے پانی نہیں ملے گالیکن  اگر مافیا کو آرڈر دیا جائے تو فوراََ آجائے گا،،پانی مافیا کو ختم کرنا ہوگا، حکومت آج وعدہ کرے کہ ہمیں ہمارا پانی پانی ملے گا تو میں دوبارہ یہاں اپنی فیکٹریاں لگا ئوں گا،مسئلہ یہ ہے کہ واٹر بورڈ کو لگام ڈالنے والا کوئی نہیں ہے،روزانہ کروڑوں روپے کمائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میںڈالر ڈبل سینچری کرچکا ہے، حکومت کو لگژری آئیٹم کی امپورٹ پر بہت پہلے پابندی لگانی چاہیئے تھی۔صدر کاٹی سلمان اسلم  نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقہ 10ہزار ایکڑ پر محیط ہے،کورنگی صنعتی علاقے میں 5ہزار صنعتیں کام کر رہی ہیں،یومیہ اس صنعتی علاقے سے 9ملین روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز کی مد میں قومی خزانے میں جمع ہوتے ہیں،18لاکھ افراد کا یہاں کی فیکٹریوں اور ملوں سے روزگار وابستہ ہے،موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث کاروباری برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، حکومت سندھ کی جانب سے3سال قبل فنڈزملے جس سے کورنگی صنعتی علاقے کاانفرااسٹریکچر کو بہتر کیا گیامگر اب فنڈز کم ہوچکے ہیں اور کورنگی میں دوبارہ مسائل بڑھ رہے ہیں۔ کائٹ لمیٹڈ کے چیئرمین سی ای اوزبیر چھایا  نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی شہر مسائلستان بن چکا ہے اورشہرقائد کھنڈر بنتا جارہا ہے،کراچی منی پاکستان ہونے کے باوجود مسلسل پسماندگی کی طرف جارہا ہے،کراچی کا انفرااسٹریکچر تباہ ہوچکا ہے،شہر میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی اور ہرجگہ پارکنگ مافیا بے لگام ہے،لوکل حکومت کی ناکامی کے سبب شہر کا انفرااسٹریکچر برباد ہواہے۔انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے گیم چینجر ہے اس سے انڈسٹریز کو فائدہ ہوگا، منشیات سے بڑا مافیا واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ہے،سیوریج کا پانی شہر کی سڑکوں کو تباہ کررہا ہے،کراچی میں انڈسٹرلائزیشن زیرو ہے اورشہر  کے صنعتکار پنجاب جارہے ہیں ،ایس ایم منیر سمیت کئی صنعتکار کراچی سے پنجاب منتقل ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں