ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ جی ٹی روڈ سے بھی غائب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کا پنجاب سے سیاسی جنازہ نکل چکا ہے اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہو چکی ہے۔ صرف پاکستان تحریک انصاف وفاق کی جماعت ہے اور وفاق کی اکائیوں کو ان کا حق ملنا چاہئے اس سے وفاق مضبوط ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور روانگی سے قبل باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسی لئے ہم جنوبی پنجاب صوبہ چاہتے ہیں۔ کچھ قوتیں نہیں چاہتی کہ جنوبی پنجاب صوبہ اور سیکرٹریٹ بنے۔ ماضی میں اپر پنجاب کی بیورو کریسی اور سابق وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید نے راستے میں رکاوٹیں حائل کیں۔ پی پی‘ ن لیگ صوبہ بنانے کیلئے مخلص نہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی میں صوبہ بنانے کی سکت نہیں۔گیلانی صاحب نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دور میں صوبے کیلئے کیا کیا؟ن لیگ نے جنوبی پنجاب صوبے کی یکسوئی توڑنے کے لیے بہاولپور صوبے کا نام لے دیا۔ ہمیں بے اختیار سیکرٹریز کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں سیکرٹریٹ نہیں صوبہ چاہیئے جب وہ وزیر اعظم تھے تو کیا وہ گھاس کاٹتے رہے۔ یوسف رضا گیلانی پڑھتے کم ہیں، بولتے زیادہ ہیں۔ منحرف ارکان کی واپسی کیلئے رابطے شروع ہو چکے ہیں لیکن میں نے عمران خان سے واضح طور پر کہا ہے کہ خواہ منحرف اراکان کی تعداد جتنی ہو اور وہ اپنے اپنے حلقوں میں جتنے مضبوط ہوں ان کے مقابلے میں ہمارے پاس خواہ کمزور امیدوار کیوں نہ ہو لیکن ہم منحرف ارکان کو معافی نہ دیں۔
شاہ محمود قریشی