لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ ایف ٹی او نے گزشتہ 5 مہینوں کے اندر اندر 1900 سے زائد ٹیکس دہندگان کو ریلیف مہیا کیا جو سابقہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً دگنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او نے چند ماہ قبل بلائے گئے پری بجٹ اجلاس کی تجاویز ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئی تھیں جن پر پیشرفت کرتے ہوئے ایف بی آر نے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات شروع کر دیئے ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں اصلاحات کیلئے ان کی پیش کردہ معتدد تجاویز پر عملدرآمد کا امکان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایف ٹی او کی سنٹرل ایڈوائزری کمیٹی کے بجٹ سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔