کراچی (سٹی نیوز) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت ہفتہ کے روز صبح کی شفٹ میں نہم و دہم جماعت کا کیمیا نظری (پرچہ) اول اور شام کی شفٹ میں دہم جماعت کا مطالعہ پاکستان کا پرچہ ہوا۔چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ، قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق ودیگر نے امتحانی مراکز کے دورے کئے جن میں ڈیفنس اتھارٹی شیخ خلیفہ بن زیاد بوائز ہائی اسکول، ڈیفنس اتھارٹی ماڈل گرلز اسکول فیز 4 اور ڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی کالج اینڈ اسکول سسٹم فیز 7 شامل ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے ان امتحانی مراکز کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے وہاں کی انتظامیہ کی تعریف بھی کی اور کہا کہ یہاں پر کھلے اور کشادہ کمرے، ہر کمرے میں سی سی ٹی وی کیمرے، کنٹرول روم، پینے کا صاف پانی اور دیگر سہولتیں وافر مقدار میں موجود ہیں۔بعد ازاں صبح کی شفٹ میں مختلف امتحانی مراکز سے 24امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ پرچوں کے دوران کچھ امیدواروں سے موبائل بھی برآمد ہوئے، جن اسکولوں سے نقل کرتے ہوئے امیدوار پکڑے گئے ان کی تفصیلات درجہ ذیل ہے۔الجواد ہائی سیکنڈری اسکول بن قاسم سے 2امیدواراور موبائل فون برآمد، روز پیکر گرامر سیکنڈری اسکول ایف بی ایریاسے 14امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے ایریا کورنگی سے 1امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی ساڑھے پانچ سے 1امیدوار،الثاقب پبلک اسکول ناظم آباد سے 2امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری سید محمد علی شائق اور دیگر افسران نے بھی مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے۔انہوں نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نیو کراچی سے 3امیدواراور ستارہ حیدری گورنمنٹ بوائز سکینڈری اسکول نیو کراچی سے 1امیدوار کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ ان تمام امیدواروں کے کیسز بورڈ کے شکایتی سیل میں درج کر لئے گئے ہیں۔
میٹرک امتحانات
میٹرک امتحانات، ڈیفنس کے 3امتحانی مراکز آئیڈیل قرار
May 22, 2022