آڈیوز کون ٹیپ اور لیک کرتا، جوڈیشل کمشن تحقیقات کرسکے گا : رانا ثنا 

May 22, 2023

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناءاﷲ نے کہا ہے کہ آڈیوز کون ٹیپ اور کون لیک کرتا ہے‘ جوڈیشل کمشن اس کی تحقیقات کر سکے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کمشن جانے کیلئے حکومت کے پاس کچھ مواد ہونا چاہئے۔ کوئی جرم پرائیویسی کی ڈھال نہیں لے سکتا۔ فیصل آباد میں نادرا دفتر کی افتتاحی اور پہلی حج پرواز کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ عمران ایک فتنہ ہے جس نے احتجاج اور دھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ آج عمران مکافات عمل کا شکار ہے۔ مسلم لیگ ن کیخلاف 2018ءمیں منصوبے کے تحت سازش کی گئی۔ عمران نے مخالفین کے خلاف نفرتیں پھیلائیں۔ عمران جیل سے اتنا خوفزدہ ہے کہ لوگوں کو ڈھال بنائے رکھا۔ عمران خان نے اپنے کارکنوںکو شرپسندی کی تربیت دی۔ میرے خلاف عمران خان نے ایسا مقدمہ بنایا ‘ جسے اس کے پارٹی والے بھی نہیں مانتے۔ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے آرمی تنصیبات پر حملہ کیا۔ حج تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج مکہ و مدینہ میں وطن کے سفیر ہوتے ہیں، وہاں تمام معاملات احسن طرےقے سے سرانجام دیں۔ اﷲ اپنے مہمانوں کی دعا قریب سے سنتا ہے۔ ملک، قوم، امہ کیلئے خصوصی دعا کریں۔ روانگی کی پروقار تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ اﷲ کے مہمانوں کو الوداعج کرنے آئے ہیں۔ حج کے موقع پر دنیا بھر سے حجاج کرام آئے ہوتے ہیں اس لئے وہاں پر آپ کے طرز عمل سے پاکستان کا بہترین امیج ابھرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ معاہدہ کے تحت سعودی وزارت داخلہ نے امیگریشن کیلئے 36 ہزار حاجیوں کا معاہدہ کیا تھا لیکن ان کی گزارش پر سعودی وزیر داخلہ نے یہ تعداد 40 ہزار تک کردی ہے تاکہ امیگریشن کیلئے حاجیوں کا کم سے کم وقت لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے40 ہزار حجاج کرام کی اسی معاہدہ کے تحت امیگریشن ہوگی جبکہ اگلے سال اس پراجیکٹ کے تحت کراچی، لاہور، فیصل آباد سمیت دوسرے شہروں کے حجاج کرام کو بھی یہ سہولت میسر ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر، سی پی او، ڈائریکٹوریٹ آف حج کے عملہ اور وزارت مذہبی امور کے حکام بھی یہاں موجود ہیں جنہوں نے آپ کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں جس پر وہ ان کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
رانا ثنا

مزیدخبریں