پاور ٹرانسفارمر کی بروقت تنصیب گیپکو انجینئرز اور کارکنان کا بڑا کارنامہ ہے : خرم دستگیر 


گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاںنے کہا ہے کہ250ملین روپے کی لاگت سے 132کے وی کالج روڈ گرڈ اسٹیشن میں40/26ایم وی اے کے پاور ٹرانسفارمر کی بروقت تنصیب گیپکو انجینئرز اور کارکنان کا بہت بڑا کارنامہ ہے اس سے علاقہ میں اوور لوڈنگ کا خاتمہ ہو گا اور اہل علاقہ کو بہترین وولٹیج کے ساتھ معیاری بجلی میسر ہو گی۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے کے وی کالج روڈ گرڈ اسٹیشن میںنئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ،چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب اور پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی فیصل نفیس یوسف اور ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانانے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل مینجرز مظہر نوید، رانا اشتیاق احمد،ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، چیف انجینئرزنوید انجم چیمہ، محمد عاشق جٹ،امتیاز احمد چیمہ، مینجرزشیخ امان اللہ،محمد بوٹا گورائیہ، شہباز احمد سیکھو، غلام غوث،واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاںسمیت گیپکو افسران و ملازمین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں جہاں مقامی سطح پر سستی اور معیاری بجلی کی پیدا وار کےلئے کوشاں ہیں وہیں بجلی کے نظام کو مکمل طور پر بہتر اور اَپ گریڈ کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس سلسلہ میں گرڈ اسٹیشنوں کی تعمیر و اَپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاور ٹرانسفارمر کے اضافے سے کالج روڈگرڈ اسٹیشن سے ملحقہ کالج روڈ ، گوبند گڑھ، دھلے پرنس روڈ، لیاقت روڈ،راجکوٹ، گلشن آباد، بڑا گلہ، گلہ حمید والا، نیائیں چوک، سید پارک بازار، جناح روڈ ، باغبانپورہ تھانہ ودیگرآبادیوں کواب اوور لوڈنگ کے مسائل ختم ہو نے سے براہ راست فائدہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن