لاہور( خصوصی نامہ نگار ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ،سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ مرید حسین نقوی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قا فلے پر خود کش حملے اور بلوچستان کے علاقے زرغوا ن میں فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تکفیری گروہ دہشت گردوں کی نرسری کے طور پر کام کرتے ہیں۔دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنا ہوگا۔مگر بدقسمتی سے ایسا اب تک نہیں ہوسکا۔ بلوچستان کے عوام کو آئین کے مطابق حقوق ملنے چاہئیں۔ جبکہ حکومت عوام کو روزگار کا تحفظ ، خوشحالی دینے کے ساتھ پر امن سیاسی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کرے۔رئیس الوفاق المدارس نے کہا 2016ءمیں اے پی ایس کے واقعہ کے بعددہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تھا۔ اس پر عمل درآمد بھی ہونا چاہیے۔ لیکن اب تک ریاستی اداروں کی طرف سے خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے۔
وفاق المدارس الشیعہ کی سراج الحق حملے،فوجی جوانوں کی شہادت پر مذمت
May 22, 2023