لاہور ( خصوصی نامہ نگار) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی سری نگر میں G20 کانفرنس کے انعقاد پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نا مکمل ایجنڈا ہے، متنازعہ علاقے میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بین الاقوامی چارٹرز،اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہم حریت کانفرنس کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جمو ں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں G20کانفرنس کے انعقاد پر اپنے رد عمل میں کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی مسائل اور تنازعات میں صف اول میں شامل ہے ایسے علاقے میں بین الاقوامی فورم کی کانفرنس بھارت کی بین الاقوامی چارٹر، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور باہمی احترام کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے ، چین جیسے دوست ملک کابائیکاٹ واضح کرتاہے کہ یہ معاملہ کتنی اہمیت کا حامل ہے ، آج تک کشمیری اپنے حق خو د ارادیت کےلئے ظالم و جابر فوج کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ حریت کانفرنس کی جانب اس موقع پر کئے جانیوالے اعلان ، احتجاج، ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔پاکستان کو کشمیری قوم کے وکیل کے طور پر مضبوط انداز میں بین الاقوامی برادری کے سامنے اس مسئلے کو پیش کرتے رہنا چاہیے۔