لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مفادات کی سیاست نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔اقتدار کی حوس میں مبتلا نااہل حکمران طبقہ جو 75 سالوں سے چہرے اور پارٹیاں تبدیل کرکے عوامی وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہا ہے اور اپنے بنک بیلنس اور جائیدادیں بنا رہا ہے جبکہ عوام دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہی ہے۔ موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی ذمہ دارپی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومت ہے۔ جن کی آپسی لڑائی نے ملک کو انتشار اور بدامنی کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ موجودہ ملکی گھمبیر صورتحال میں جہاں 9 مئی کا سانحہ پیش آیا ٹھیک چند روز بعد بلوچستان میں قائد سراج الحق پر حملہ جلتی پر تیل ڈالنے اور ملک کو انارکی اور انتشار کی طرف دھکیلنے کی مذموم سازش تھی جیسے اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے ناکام بنا دیا ہے۔ ملک و قوم کے تمام مسائل اوربحرانوں کا واحد حل دیانتدار وباصلاحیت قیادت اور قرآن و سنت کا نظام ہے۔