ہائبرڈ ماڈل پر ممکنہ، بھارتی شرائط، پی سی بی کالاحہ عمل تیار

May 22, 2023

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہائبرڈ ماڈل پر ممکنہ شرط کا لائحہ عمل پہلے سے تیار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت ایشین کرکٹ کونسل اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایونٹس کو ایک دوسرے سے مشروط نہیں کرسکتا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل سے کوئی تعلق نہیں، ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی کیلئے ورلڈکپ کے میچز بھارت میں کھیلنے کی شرط نہیں رکھی جاسکتی، پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت تب ہی جائیگی جب حکومتِ پاکستان اجازت دیگی۔ بھارت کی جانب سے ورلڈکپ کی شرط رکھنے پر پی سی بی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی شرط رکھے گا، ورلڈکپ پر بھارت کی جانب سے تحریری طور پر ڈیل کرنے کے جواب میں پی سی بی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں آکر کھیلنے کی تصدیق مانگے گا۔ بھارت کی ایشیاکپ کے ذریعے ورلڈکپ کیلئے کی گئی بلیک میلنگ پی سی بی کو کسی صورت قبول نہیں،بی سی سی آئی نے ورلڈکپ کے وینیوز کا جائزہ لینے کیلئے 27مئی کو اجلاس بلایا ہے۔ تاہم پاکستان کو کون کون سے وینیوز پر ورلڈکپ کھلانا ہے، اس کا حتمی فیصلہ 27مئی کو ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں