غزہ (آئی این پی ) مغربی کنارے اور قدس شریف میں اسرائیلیوں نے فلسطینیوں پر حملے کئے الخلیل کے علاقے کریات اربع میں اسرائیلی آبادکاروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی ۔ اتوار کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ علاقے الخلیل میں اسرائیلی آبادکاروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے بعد اسرائیلی فوج نے کریات اربع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے رام اللہ کے شمال میں ترمسعیا کے علاقے میں فلسطینیوں پر پتھروں سے حملہ کر دیا، اس کے علاوہ قدس شریف میں بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں کی خبر ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے جب کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اتوار سے گرفتاریوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور عام بے گناہ افراد کو اسرائیلیو ں کے خلاف مزاحمتی اقدامات کے الزام میں پکڑ کر انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔