لاہور( خصوصی نامہ نگار )وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جناح ہائوس ملکی عظمت کا نشان ہے ۔اس پر حملہ کر کے بلوائیوں نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔واقعہ میں ملوث مجرمان کو سرعام سزائیں دی جائیں۔ 9مئی کا دن تاریخ کا سیا ہ ترین دن تھا۔ زلمے خلیل زاد اپنے وطن کا غدار ہے ،وہ ہمارے سپہ سالار پر بات کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ پر پاکستان علما ء کونسل اور پوری قوم بھر پور مذمت کرتی ہے۔ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے وہ کام کیا جو ہمار ا دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا، طاہر اشرفی نے کہا کہ جب جناح ہائوس میں توڑ پھوڑ‘جی ایچ کیو اور دیگر تنصیبات پر حملے کئے اور کرنل شیر خان کے مجسمے کو توڑ دیا۔ حملہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔ اس دلخراش واقعہ پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ہمارا دین اور پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس موقع پر جناح ہائوس میں موجود پاکستان علماء کونسل کے اراکین نے طاہر اشرفی کے ہمراہ جناح ہائوس کا دورہ کیا۔