گجرات+ سرگودھا (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) مرکزی انجمن تاجران گجرات کے صدر جاوید بٹ کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی انجمن تاجران گجرات کے صدر جاوید بٹ نے کی۔ ریلی میں سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات خادم حسین سلیمی، چوہدری محمد اصغر تیل والا، لالہ جی سعید اقبال مرزا، چوہدری حسنین اصغر و دیگر تاجروں، نوجوانوں، بچوں کی کثیر تعداد نے پاک فوج سے والہانہ محبت کیلئے ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ ریلی نوابزادہ چوک سے ہوتی ہوئی چوک پاکستان پر احتتام پذیر ہوئی۔ پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جاوید بٹ نے کہا کہ پاک فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی بہت سی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ جو کام غیر ملکی دشمن نہیں کرسکے وہ کام پاکستان میں چند شرپسندوں نے کر دکھایا۔ انہوں نے لاہور کے جناح ہاؤس و کور کمانڈر ہاؤس کو پاش پاش اور تقدس کو پامال کیا۔ مرکزی انجمن تاجران گجرات مکمل طور پر اس کی مذمت کرتی ہے۔ جس کسی نے بھی پاکستان یا پاک مسلح افواج کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔ ریلی سے خادم حسین سلیمی، چوہدری محمد اصغر تیل والا اور لالہ جی سعید اقبال مرزا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شیخ محمد سلیم، اللہ دتہ کھٹانہ، سید علیم امتیاز، یاسر بٹ، جلال خان، شیخ سہیل منیر، سیٹھ علی اصغر، محمد اسلم ٹوپہ، مہر محمد اسلم بھی موجود تھے۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور شہداء وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک فوج زندہ باد ریلی نکال کر شہداء کی یادگار پر پھول نچھاور کئے گئے۔ ریلی کی قیادت وزیراعظم کے معاون خصوصی و پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے سرپرست اعلی مولانا محمد سبطین شاہ نقوی کر رہے تھے۔ جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے اور پوری قوم دفاع وطن میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان شاہینوں کے شہر یادگار کی توڑ پھوڑ کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔