عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے تک ٹوئٹر کے ذریعے قوم سے رابطہ رکھوں گا ، میری اور میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے، میرے سٹاف کو اٹھا کر لے گئے ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیا ن میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، چادر اور چاردیواری کو روندنے والی ن لیگ دفن اور پی ڈی ایم کا کفن ہوگا، خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی پر لوگ پشیمان ہیں، سازش سے غلط تاثر دیا جارہا ہے کہ عوام اور اداروں میں دوری ہوچکی، گلی محلے سے بے گناہ بچے اٹھائیں گے تو ماں کی بددعائیں لگیں گی، نفرت اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ میری اور میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے، میرے سٹاف کو اٹھا کر لے گئے ہیں، جب تک پولیس گرفتار نہیں کرلیتی ٹوئٹر کے ذریعے قوم سے رابطہ رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ناکام، بجٹ بحران، معیشت تباہ، یہ ہے حکومت کی کارکردگی، پہلے ہی غریب مر رہا ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے، اب دوائیوں کی قیمت میں مزید 20 فیصد اضافہ کر دیا، غریب مٹی ملا آٹا کھا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہ دی جائے، صرف سپریم کورٹ ہی ملک کو سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے۔
آئی ایم ایف ناکام، بجٹ بحران، معیشت تباہ، یہ ہے حکومت کی کارکردگی: شیخ رشید احمد
May 22, 2023 | 11:33