وزیراعظم سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر اعظم سے ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کاحجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں۔وزیر اعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ انھوں نے کہا کہ ہم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی صنعتوں کو منتقل کرنے کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، ترک وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی اور اس دوران آرمی چیف اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی خطے میں امن اور ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بن چکی ہے۔ باہمی دفاعی تعاون سے دونوں ملکوں کا دفاعی حصار مضبوط ہوگا اور ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے سے خوشحالی کی راہیں کھلیں گی۔ پاکستان، ایران اور ترکیہ مل کر اگر مسلم بلاک بنالیں تو اس سے خطے میں استحکام بھی آئے گا اور ان ممالک کے علاوہ دیگر مسلم ملکوں کا دفاع بھی مضبوط ہوگا جس سے خطے کے اندر اور باہر موجود امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن