گھروں پر سینی ٹیشن اخراجات لگانے کا فیصلہ، ہائیڈرو پراجیکٹس واٹر چارجز میں اضافہ مسترد

May 22, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیڈمک اور فیڈمک سمیت دیگر بورڈ فوری طور پر تبدیل کرنے اور مخلص، محنتی پروفیشنلز کو شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر سے معروف بزنس مین کمیونٹی کی غیر رسمی ملاقات میں پالیسی سازی میں تاجروں اور صنعتکاروں سے مشاورت پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران مختلف انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں نے تجاویز اور مسائل بیان کئے۔ وزیر اعلیٰ  نے بعض تجاویز پر فوری ایکشن لیتے ہوئے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے۔  مریم  نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں نیچرل بزنس کلسٹر قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ لاہور میں فارما انڈسٹریل زون کے قیام کے لئے تمام تر سہولتیں اور رعاتیں دیں گے۔ سیلیکان سٹی کی طرف سے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے رابطے کیے جارہے ہیں۔ لاہور میں پہلی انٹرنیشنل لیول فش مارکیٹ قائم کررہے ہیں۔عوام کی رسائی یقینی بناتے ہوئے رنگ روڈ پر ہول سیل مارکیٹیں شفٹ کرنے کا جائز ہ لیا جائے گا۔ ہیلتھ کارڈ پراجیکٹ میں فارما انڈسٹری سے مشاورت کو ترجیح دی جائے گی۔  مون سون گزرنے کے بعد لاہور میں سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت شروع ہوجائے گی۔ 100ارب روپے کا پراجیکٹ لائیں گے، کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ دی جائے گی۔ ای بائیک پالیسی لارہے ہیں، بزنس کو پروموٹ کریں گے۔ چھوٹے کسان کو زرعی مداخل کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے دیں گے۔ بزنس مین کمیونٹی نے خراج تحسین  پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نوازشریف بطور وزیر اعلیٰ یادگار اختراعی اقدامات کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں چھ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو کڑی سزا دلوائی جائے۔ ریپ کیس میں سزا میں جلد اضافہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء  وزیر اعلیٰ  کے نوٹس پر پنجاب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری  جانب مریم نواز شریف نے عوام کے لئے بجلی مہنگی ہونے کے خدشے کے پیش نظر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا ہے۔ مریم نوازشریف کی زیر صدارت کا بینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا چوتھا اجلاس ہوا۔ ہائیڈور پاور پراجیکٹس واٹر چارجز میں اضافے سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان تھا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ چارجز بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا لیکن بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، مخالفت کریں گے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورسنگ ماڈل کے لئے وزیراعلی مریم نواز نے مجوزہ سینی ٹیشن چارجز کم کرنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نوازشریف نے محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز میں 50 فیصد سے زائد کم کرنے کی ہدایت کردی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پنجاب میں 19.85 ملین رہائشی یونٹس، 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں۔ 5 مرلہ تک 300روپے، 10 مرلہ کے گھر پر 500 روپے سینی ٹیشن چارجز لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دیہی علاقوں میں دس مرلہ تک 200 اور دس مرلہ سے بڑے گھروں پر 500 سینٹری چارجز لاگو ہوں گے۔ اجلاس میں 685ملین روپے سے 2 سڑکو ں کی تعمیر کے لئے پی ایس ڈی پی 2023-24 کے فنڈز کے اجراء  کی منظوری  دی گئی۔ گرین پاکستان پروگرام کے لئے فنڈز، پنجاب ریونیو اتھارٹی ایپلیٹ ٹریبونل کے اکاؤنٹس گروپ ممبر کے لئے الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کے لئے حج کا وعدہ پورا کردیا گیا۔ اس ضمن میں 20 ملین فنڈز کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ حج پر جانے والی خواتین کو خود روانہ کروں گی۔ سالانہ ترقیاتی پلان 2023-24میں سپورٹس کمپلیکس گاؤ شالا لاہور پراجیکٹ شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ لاہور اور فیصل آباد میں 400 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سولر انرجی پر منتقل کرنے اور 10 سال کے لئے آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی صوبائی حدود پر چیک پوسٹ کی تعمیر کے پروگرام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ موبائل ایپلی کیشن ای پے پنجاب پر دی جانے والی سروسز پر پی آئی ٹی بی کے لئے سروس چارجز کی منظوری بھی دی گئی۔ سیلز ٹیکس کی ادائیگی پر 100 روپے اور دیگر ٹرانزیکشنز پر 15 روپے سروسز چارجز لاگو ہوں گے۔ 2019 سے ابھی تک ای پے پنجاب سے 54 لاکھ ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ فیروز پور روڈ سے گارمنٹس سٹی کے لئے 306 ملین روپے سے رابطہ سڑک تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ  کی زیر صدارت ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس ’’اپنی چھت ……اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت ……اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ  کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے ایونیو ون میں ماڈل سنٹرل پارک کا افتتاح کر دیا اور لاہورکو بہترین ماحول دوست رہائشی شہر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغازکر دیا گیا۔ 87کینال پر محیط سنٹرل پارک کا افتتاح کرنے کے بعد ایل ڈی اے ایونیو ون سنٹرل پارک میں پودا بھی لگایا۔ مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے ریونیو ون کے وینڈنگ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔ وینڈنگ پوائنٹ پر صاف ستھری اور نئے ڈیزائن کی ریڑھیوں پر پھل اور سبزیاں فروخت کے لئے موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اچھا انتظام ہے، کسی روز اچانک آکر دوبارہ بھی چیک کروں گی۔

مزیدخبریں