مقبوضہ کشمیر: ابراہیم رئیسی کی شہادت مسلم دنیا کیلئے ناقابل تلافی نقصان، ایرانی قوم کے دکھ میں برابر کے شریک: حریت کانفرنس

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس  کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیرحسین عبداللہیان، علاقائی گورنر ملک رحمتی اور صدر کے دیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 03مئی سے اپنے گھر میں نظربندمیرواعظ عمرفاروق نے اپنے تعزیتی پیغام میں صدر رئیسی کی المناک موت کو مسلم دنیا بالخصوص ایرانی قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔میرواعظ نے اپنی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے حکومت ایران اور اس کے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔جبکہ  مقبوضہ جموں و کشمیر میں کانگریس رہنما ترنجیت سنگھ ٹونی نے جموں میں بجلی کی  لوڈ شیڈنگ  اور بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ مظاہرین سب ڈویژنل مجسٹریٹ آر ایس پورہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ ترنجیت سنگھ ٹونی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سرحدی علاقوںمیں کسانوں اور عام لوگوں کی زندگیوں پرپڑنے والے شدید اثرات کو اجاگرکیا۔دوسری جانب  ضلع بارہمولہ میں ایک شخص دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بتایاکہ  ضلع بارہمولہ کے علاقے ککرحمام کے مقام پر ایک شخص دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔بھارتی فوجی شدید ذہنی تنائو اور ڈپریشن کا شکار ہو کر اپنی جانیں لے رہے ہیں ۔فوج میں خودکشیوں کی شرح میں سنگین حد تک اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارتی فوجیوں میں خودکشیوں کے رحجان تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن