لاہور+ واربرٹن (نمائندگان + نامہ نگار) شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش نے زندگی مزید اجیرن کر دی جبکہ واربرٹن میں شدید گرمی کے باعث خاتون سمیت 2 افراد دم توڑ گئے۔ جس پر عوام نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام کا پیمانہ صبر بھی لبریز ہونے لگا ہے۔ کئی شہروں میں شدید احتجاج کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بوتل سے باہر آ گیا۔ پانی بھی دستیاب نہیں۔ صنعتی شعبے بند ہونے سے عوام بیروزگار ہو رہے ہیں اور کاروباری طبقہ انتہائی پریشان ہے۔ سمندری میں گرڈ سٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے کے سا تھ ہی عوام کا پارہ بھی ہائی ہونے لگا‘ عوام نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ بجلی قیمتوں کا اضافہ واپس لے کر غریب عوام کو ریلیف دیا جائے۔ تین سو یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 10 روپے کرے اور بجلی کی ترسیل کو ہمہ وقت یقنی بنایا جائے۔ ڈسکہ اور اس کے گردونواح میں گرمی کی شدت کے باعث مارکیٹیں اور بازار ویران ہیں۔ چار افراد ارشد ملہی ساکن ساہکے‘ شاہد ساکن سمبڑیال روڈ‘ شاہزیب ساکن گلہ شہیداں والا اور قدیر محلہ چوہدریاں ڈسکہ کلاں گرمی کے باعث بے ہوش ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ دریں اثناء واربرٹن میں حاجی اکرم زرگر کی زوجہ جبکہ محلہ عیدگاہ میں اشرف نامی شخص کا بیٹا زندگی کی بازی ہار گئے۔ واضح رہے کہ چند روز میں شدید گرمی کے باعث 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
شدید گرمی، طویل لوڈشیڈنگ، واربرٹن میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، ڈسکہ کے 4 شہری بے ہوش
May 22, 2024