لاہور ‘ننکانہ(آئی این پی‘نامہ نگار ) پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔ لاہور میں ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری کیلئے فیروزپور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور کنال روڈ کو بند کر دیا۔ احتجاجی ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے، ری ویمپنگ کے نام پر لوٹ مار ختم کی جائے اور ہسپتالوں کا آڈٹ کرایا جائے، ایڈہاک کو ریگولرائز کیا جائے اور کنٹرکٹ ری نیوئل پر بے جا پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹروں کی دیہاڑی پر بھرتی کو بند کر کے مستقل بھرتی کی جائے، ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہیلتھ پروفیشنل الانس دیا جائے، ڈاکٹروں کی بے جا ٹرانسفر پوسٹنگ کو فی الفور بند کیا جائے۔ننکانہ ‘ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ میں ڈاکٹرز اور مریض کش حکومتی پالیسیوں ، ادویات اور دیگر طبی سہولتوں کے فقدان ،کرغزستان میں پھنسے میڈیکل کے طلباء کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیااور ریلی نکالی گئی۔