شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ 28مئی کو ایٹمی پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر قائد (ن) لیگ میاںنواز شریف معاشی پاکستان کے قیام کیلئے اپنے انقلابی وژن کا اعلان کریں گے۔ نواز شریف کا بیانیہ ہی ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کا ضامن ہے جس کی روشنی میں قائد اعظم کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی جمہوری فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ ان شاء اللہ 28مئی کو نواز شریف بطور صدر (ن) لیگ عہدہ سنبھال کر پارٹی کو منظم متحرک اور فعال بنانے کا اعلان کریں گے۔ پریس کلب شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں نواز شریف کی حکومتوں کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ان کی مدت پوری کرنے کا موقع دیا جاتا تو آج پاکستان کی صورتحال یکسر مختلف ہوتی۔