اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک فیز 2 اور 13ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منگل کے روز وزارت منصوبہ بندی میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، مختلف وزارتوں کے اعلی حکام اور وفاقی و صوبائی وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جس میں اس ہفتے منعقد ہونے والی آن لائن جے سی سی کی تیاریوں پر وزارتوں کے اعلی حکام کو تفصیلی بریف کیا گیا جبکہ اجلاس میں مواصلات، انفراسٹرکچر، توانائی و اقتصادی ترقی ، زراعت سے متعلق منصوبوں نیز چینی افراد کی سیکورٹی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی ۔چینی افراد کی سیکورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر جناب احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چینی اہلکاروں، منصوبوں اور پروگرام کا تحفظ اور سیکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ہر طرح کا لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ پاکستان چینی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدمات کرے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بغیر کسی تاخیر کے ایم ایل ون کے لیے بڈنگ کا عمل شروع کیا جائے ، ایم ایل ون کی بروقت شروعات کے لیے باقاعدہ ٹائم لائن کا تعین بھی کیا جائے۔ معدنیاتی راہداری کے حوالے سے احسن اقبال نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کوشش کریں کہ معدنیات کاریڈور کا معاہدہ اسی جے سی سی میں طے پا جائے، معدنیات کے حوالے سے سب ورکنگ گروپس کی جلد از جلد چینی حکام سے میٹنگ کروائی جائے تاکہ اسی میں معدنیاتی راہداری کے منصوبوں کو زیر بحث لایا جاسکے۔ اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی انجم عقیل خان ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، راجہ خرم نواز نے منگل کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی اسلام آباد شہر اور دیہات کے ڈیویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیااسلام آباد شہر اور دیہات میں تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر ، کھیل کے میدان ، پانی کی سکیمیں ، اسلام آباد شہر کی خوبصورتی اور دیگر جگہوں پر ڈیویلپمنٹ فنڈز اور بجٹ امور پر بھی تبادلہ خیال شہر اور گردونواح کے دیہات کے لیے پرائمری ، سیکنڈری ، ہائیر سیکنڈری اور کالجز کی اپ گریڈیشن ، نئے کمروں کی تعمیر ، آئی ٹی لیب اور سکولوں میں سمارٹ کلاس روم بنائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحت کے شعبے میں بنیادی ہیلتھ سنٹر قائم کئے جائیں گے اور پہلے سے موجود ہیلتھ سنٹر کو تحصیل ہیڈ کوارٹرکا بنایا جائے گا اسلام آباد میں پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں ایم این اے انجم عقیل خان نے کہا کہ اسلام آباد شہر اور دیہات میں سڑکوں ، گلیوں کی پختگی اور سیوریج سسٹم کی سکیموں کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔وفاق وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی آئندہ مالی سال کے لئے کمیٹی برائے ترقیاتی فنڈز کے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان ، سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، اور وفاقی وزارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں ترقیاتی بجٹ 25-2024 پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،وفاقی وزارتوں کی جانب سے مجموعی طور پر 2900 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی تجاویز پیش کی گئیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران رواں منصوبے اور ان کی تکمیل پہلی ترجیح ہوگی، دوسری ترجیح وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کو دی جائے گی، ہم نے کسی بھی سیکٹر میں باقاعدہ سرمایہ کاری فراہم آج تک نہیں کی اسی لیے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، بجٹ کم از کم چودہ سو یا پندرہ سو ترقیاتی بجٹ تو دیں، ملک و قوم کی ترقی کا انحصار ترقیاتی بجٹ پر ہوتا ہے، آئی سی ٹی کے اسکولوں کو تو پورے ملک کے لیے پائلٹ ماڈل اسکولوں کے طور پر بنانا چاہئے، ملک کی مینجمنٹ سائیٹ میں پروفیشنل افراد کی کمی ہے، ہمیں منصوبوں کی کوالٹی کو بھی دیکھ کر ترجیحات مقرر کرنی ہیں۔