لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ بار میں انصاف لائرز فورم کے تحت وکلاء کنونشن کا انعقاد ہوا، صدر آئی ایل ایف پاکستان چوہدری اشتیاق احمد خان نے کہا کہ آئی ایل ایف آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کردار ادا کرے گا، ہم عمران خان کو باہر لانے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ میں یہاں ربیعہ باجوہ ایڈووکیٹ کی بہادری اور دلیری کو داد دیئے بغیر نہیں رہ سکتا، ہماری قیادت کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی سمیت قیادت کے خلاف کیسز ختم کئے جائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارا چرایا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ ریاست ملک کا نام ہے ریاست کسی ادارے کا نام نہیں ہے۔ انھوں نے گندم میں کرپشن کی ہے، اپنے کسانوں کے پاس گندم موجود تھی لیکن باہر سے خریدی گئی،گندم کی خریداری ایک بڑا سکینڈل ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ملک رول آف لاء اور قانون کی برتری لانا آسان نہیں، اس ملک میں قول و فعل کا بڑا فقدان ہے۔ سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے بند کمروں میں اجلاس کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، بند کمروں میں بات کرنے سے اسٹبلشمنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں کھلے میدان میں اترنا ہو گا، شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کے وکلاء ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کھڑے رہے، کوئی طاقت وکلاء کو دبا نہیں سکتی ہے، عوام جاگ چکی ہے، آپ کو عوام چھوڑے گی ہر گز نہیں، کشمیر جیسے حالات نہ بنائیں۔
وکلاء کنونشن: آئین کی بالادستی کیلئے کام کرینگے، جابرانہ قانون بنائے جا رہے: عمر ایوب
May 22, 2024