اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان اور چین کے درمیان کیپٹل مارکیٹوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ممکنہ تعاون کے شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں فنانشل مارکیٹ کے ماہرین کے تجربات اور خیالات سے استفادہ کرنا تھا۔ورکشاپ کی صدارت چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں ایس ای سی پی کے کمشنر عبدالرحمٰن وڑائچ، ایس ای سی پی کی سینئر مینجمنٹ اور کیپیٹل مارکیٹ کے کے اداروں، بروکریج ہاؤسز، بینکوں، انشورنس کمپنیوں اور اثاثہ جات کی انتظامی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔شرکاء نے دونوں ممالک کی کیپٹل مارکیٹوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹوں میں چینی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا۔ اہم زیر غور تجاویز میں متعلقہ اسٹاک ایکسچینجز کے درمیان کراس لسٹنگ ، چینی فرموں اور ان کے مقامی ممکنہ پارٹنرز کے درمیان اشتراک قائم کرنا، اور چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی کیپٹل مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز بنانا شامل ہیں۔