اسلام آ باد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈ ریفرنس میں میڈیا پر قدغن کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا۔ تحریری حکم نامے میں عدالت نے میڈیا کو عدالتی کارروائی شفاف طریقے سے رپورٹ کرنے کی اجازت دے دی ۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں اور میڈیا کو عدالتی کارروائی شفاف طریقے سے رپورٹ کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پانڈز ریفرنس میں میڈیا پر قدغن کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔