وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے ملاقات کی جس میں لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عون چودھری نے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔ملاقات کے دوران مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل ڈی اے ایوینو ون میں ماڈل سینٹرل پارک قائم کر کے لاہور ری ویمپنگ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا، ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تکمیل پر لاہور کی کوئی سڑک خراب اور گلی ٹوٹی نہیں رہے گی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں 100 مقامات پر فری وائی فائی سروس فراہم کی گئی ، لاہور میں پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔