”ہوم سیکرٹری کے پاس حساس نوعیت کے معاملات ہیں‘ گورنر سیکرٹریٹ اپیلیں نہ بھجوائے“

لاہور (معین اظہر سے) گورنر پنجاب کے سیکرٹریٹ کی طرف سے چیف سیکرٹری کے نام خط میں اعتراضات محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن نے مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ کہیں کسی قانون میں نہیں لکھا ہے کہ گورنر پنجاب صرف سیکرٹریوں، گریڈ 20 کے افسران کو ہی اپیلیں سننے کے لئے مقرر کر سکتے ہیں وہ یہ کام چھوٹے گریڈ کے افسران کو بھی بھجوا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سیکرٹریٹ نے چیف سیکرٹری کو لیٹر لکھا تھا کہ اعلی افسران صوبائی محتسب کے فیصلوں کے خلاف بھجوائی جانے والی اپیلوں پر بروقت کام نہیں کرتے جبکہ ہوم سیکرٹری کو بھجوائی گئی چھ اپیلوں پر کارروائی کرنے کی ہدایات کی گئی تھیں جس پر انہوں نے عمل درآمد نہیں کیا جس پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے لکھا کہ ہوم سیکرٹری کے پاس حساس نوعیت کام بہت زیادہ ہے اسلئے ان کو پرسنل شنوائی کے کیس نہ بھجوائے جائیں جبکہ چھوٹے گریڈ افسران کو بھی گورنر سیکرٹریٹ کیس ٹو کیس کے تحت نامزد کر سکتا ہے۔ گریڈ 19 کے افسران کو بھی اپیلیں بجھوا دیں اور جو کیس زیادہ اہم نہیں ہیں ان پر رپورٹ چھوٹے افسران سے بھی لے لی جائیں جبکہ اہم نوعیت کے کیس بڑے افسران کو بھجوائے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے گورنر سیکرٹریٹ کی ہدایات کی روشنی میں اعلی افسران کو ہدایات جاری کر دیں کہ وہ گورنر کی طرف سے بھجوائی جانے والی تمام اپیلوں پر جلد از جلد کام نبٹائیں۔

ای پیپر دی نیشن