پاکستان 71ءکی جنگ میں فوج کی مبینہ زیادتیوں پر معافی مانگے: بنگلہ دیش

ڈھاکہ (اے پی اے) بنگلہ دیش کی وزیر خارجہ دیپومونی نے پاکستان کے نئے سفیر افراسیاب مہدی ہاشمی کے ساتھ ملاقات کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ 1971ءکی جنگ کے دوران فوج کی طرف سے کی گئی مبینہ زیادتیوں پر پاکستان باضابطہ معافی مانگے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مونی نے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ بنگلہ دیش کے م¶قف کو سمجھے اور تسلیم کرے‘ جن میں محصور پاکستانیوں کی واپسی‘ اثاثوں کی تقسیم اور تاوان جنگ کے معاملات شامل ہیں۔ نو ماہ کی لڑائی کے بعد 1971ءمیں بنگلہ دیش نے پاکستان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ادھر 1971ءمیں لڑی گئی جنگ میں ہونے والے جرائم سے متعلق پہلے مقدمے کی کارروائی کا بنگلہ دیش میں آغاز ہو گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما دلاور حسین سیدی کے خلاف مقدمے کی سماعت دارالحکومت ڈھاکہ میں ہوئی۔ انہیں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، آبروریزی اور قتل کے الزامات کا سامنا ہے۔ اگر 71 سالہ دلاور حسین سیدی پر جرم ثابت ہوتا ہے تو انہیں پھانسی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ حقوقِ انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ وکیل صفائی اور گواہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری عہدےدار اور پولیس انہیں ہراساں کر رہی ہے۔ تنظیم کے مطابق عدالتی کارروائی بین الاقوامی معیار پر پوری نہیں اترتی۔

ای پیپر دی نیشن