اسلام آباد (مقبول ملک / دی نیشن رپورٹ + این این آئی) وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان میں جمہوری حکومت میعاد پوری کر رہی ہے، معاشی چیلنجز درپیش ہیں، مقابلے کیلئے حکومت پر عزم ہے، اسرائیل کے غزہ پر حملے انسانیت کے خلاف ہیں، مشکل گھڑی میں غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ ڈی ایٹ وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کی ترقی کیلئے رکن ممالک کا معاشی تعاون ضروری ہے اور اس کے لئے سب سے پہلے ہمیں تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے کیونکہ پائیدار ترقی کے لئے نجی شعبوںکی شرکت ضروری ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاکستان میں زراعت، توانائی سمیت کئی شعبوں میں بیشتر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈی ایٹ ممالک میں ترجیحی تجارت، ویزا اور کسٹمز معاہدے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان توانائی، مواصلات، زراعت اور زراعت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرتا ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ڈی ایٹ ملکوں کی ایک ارب آبادی کی جمہوری شراکت ہماری توجہ کا محور ہے۔ خطے میں پائےدار ترقی کے لئے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کی اور جارحانہ اقدامات روکنے کا فوری مطالبہ کا۔ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے خطاب میں کہا کہ تمام ڈی ایٹ ملکوں کو بیک آواز نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ننگی جارحیت کی مذمت کرنی چاہئے۔ ہم اس افسوسناک موقع پر اکٹھے ہیں جب اسرائیل معصوم فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہا ہے۔ رکن ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جارحیت فوری رکوائے۔
ڈی 8 ممالک میں ترجیحی تجارت‘ ویزا ‘ کسٹمز معاہدے ضروری ہیں: حنا کھر
Nov 22, 2012