لاہور+کوئٹہ (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت نیوز)جوڈےشل مجسٹرےٹ ون کوئٹہ نے گرفتار 78ڈاکٹروں کی فی کس اےک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر ضمانت منظور کر لی ہے۔دوسری طرف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید خان کی عدم بازیابی کیخلاف ڈاکٹروں کی ہڑتال بدستور جاری ہے۔ہڑتال کے باعث ہسپتالوں میں او پی ڈیز، آپریشن تھیٹرز کے علاوہ ایمرجنسی سروسز بھی بندرہےںجس سے مرےضوں کو شدےد پرےشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ سول ہسپتال کوئٹہ مےں ہڑتال کے دوران طبعی امداد نہ ملنے پر اےک مرےض جاں بحق ہوگےا جس پر لواحقےن نے شدےد احتجاج کےا اور ہسپتال کے شےشے توڑ دئےے،بعدازاں انہوں نے نعش کو ہسپتال کے باہر سڑک پر رکھ کر احتجاج کےا جس سے جناح روڈ پر ٹرےفک جام ہوگئی۔ دوسری طرف مریضوں کی مشکلات کے پیش نظر انہیں علاج معالجہ کی فراہمی کےلئے سی ایم ایچ کوئٹہ کینٹ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ۔واضع رہے ڈاکٹر سعےد خان کی عدم بازےابی پر احتجاج کرنےوالے ڈاکٹرزکوگورنر ہاﺅس کے باہر سے گرفتار کےا گےا تھا۔بلوچستان میں گرفتاریوں کیخلاف پی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام صوبائی برانچوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آج تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹر کالی پٹیاں باندھ کر کام کریں گے۔ پی ایم اے ہاﺅس لاہور میں اجلاس میں پی ایم اے پنجاب کے صدر پروفیسر اشرف، ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر اظہار احمد چودھری، ڈاکٹر سلمان کاظمی نے شرکت کی۔