پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بہتر اور محفوظ ملک ہے، ایل این جی برآمد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ امریکی سفیر

 اسلام آباد (اے این این) پاکستان میں  امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بہتر اور محفوظ ملک ہے، امریکہ  توانائی کے شعبے میں  مزید سرمایہ کاری کرے گا، امریکی کمپنیوں نے پاکستان  میں تیل اور گیس کی تلاش  کے منصوبوں میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، ورکنگ  گروپ کے اجلاس میں چار ملکی گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی بات ہوئی ہے، ہم پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  رچرڈ اولسن نے کہا امریکہ میں پاکستان اور امریکہ کے توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس مثبت اور مفید رہا، جس میں امریکی توانائی  کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادگی اور تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے دورہ امریکہ میں توانائی بحران کے حل کیلئے معاملات پر خصوصی توجہ دی گئی، امریکہ پاکستان میں پن بجلی  کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا۔ بجلی  چوری کی روک تھام کیلئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب میں بھی معاونت کر رہے ہیں یہ کام جلد مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا امریکہ نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈنگ کا فیصلہ کیا ہے اور فزیبلٹی کیلئے بھی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ آن لائن کے مطابق امریکہ نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سمیت توانائی کے شعبے میں پاکستان سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے امریکہ پاکستان چین تجارتی راہداری کے نظریئے کی حمایت کرتا ہے، جنوبی اور وسطی ایشیا کو ملانے کیلئے چین کی کوششیں قابل تحسین ہیں، ایران سے جوہری معاملے پر مذاکرات کا جو بھی نتیجہ نکلے امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی، امریکہ ترجیحی تجارت کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ یہاں ایک مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا امریکہ جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطے قائم کرنے کا حامی ہے اور وہ نئے سلک روٹ کیلئے کام کر رہا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن