کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے، غریب کہاں تک حقوق کی جنگ لڑے: چیف جسٹس

Nov 22, 2013

اسلام آباد (آن لائن) حبیب بینک سکھر برانچ کے منیجر محبوب سومرو کوسپریم کورٹ کے حکم پر ان کے سابقہ عہدے پر تمام تر اختیارات اور مراعات کے ساتھ بحال کر دیاگیا  ہے عدالت نے جی ایم ایچ آر توفیق کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست گزار کو کسی طور پر ہراساں نہ کرے اور تمام تر اختیارات و مراعات دی جائیں۔ چیف جسٹس افتخار چودھری نے صدر حبیب بینک کو ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔ غریب آدمی آخر کہاں تک اپنے حقوق کی جنگ لڑے۔ حبیب بینک کی جانب سے انور مسعود سمیت 2 وکلاء نے پیش ہونے کی کوشش کی اور وضاحت دینے کی کوشش کی جس پر عدالت نے نہ صرف انہیں روک دیا بلکہ فوری بحالی کے احکامات جاری کرنے کے لئے کہا جس پر مذکورہ افسر کو بحال کر دیا گیا۔ واضح رہے 2010ء میں حبیب بنک نے بغیر کسی وجہ کے کرپشن سے پردہ اٹھانے والے محبوب سومروکو نوکری سے فارغ کر دیا تھا جس نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت نے انہیں بحال کر دیا۔

مزیدخبریں