حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) لاہور ہائی کورٹ سے پیشی بھگت کر واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو موٹروے سے اغواء کر لیا گیا۔ پنڈی بھٹیاں صدر پولیس نے چند گھنٹے بعد ہی مغویان کو گوجرانوالہ کے علاقہ سے بازیاب کروا کر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ منڈی بہاالدین کے چھ افراد لیاقت علی، حاکم علی، غلام علی، صدام حسین، عاطف اور صائمہ گوجرانوالہ کے علاقہ لدھے والا وڑائچ میں اسلام، بشیر اور احسان وغیرہ کے بھٹہ پر اینٹیں بنانے کا کام کرتے تھے۔ لیاقت علی نے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی اسے اس کی فیملی کے دیگر افراد سے زبردست مشقت لی جا رہی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عدالتی بیلف نے انہیں بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ لیاقت علی اپنے دیگر اہلخانہ کے ہمراہ گاڑی میں واپس منڈی بہاالدین جا رہا تھا پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے پر اسلام، بشیر، عارف، لیاقت اور احسان وغیرہ نے انہیں زبردستی اغواء کر لیا اور انہیں اپنے بھٹہ لدھے والا وڑائچ لے گئے۔ تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کے ایس ایچ او سید عارف حسین شاہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقہ بھکڑے والی میں چھاپہ مار کر چھ مغویان لیاقت علی، حاکم علی، غلام علی، صدام حسین، عاطف اور صائمہ کو بازیاب کروا لیاجبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔