کراچی (سپورٹس رپورٹر) چوتھے رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ شاہد آفتاب نے مسلسل ناکامیوں سے پیچھا چھڑا لیا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی چیمپئن شپ کے تیسرے روز شاہد آفتاب نے قدرے بہتر فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عامر طارق کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرا دیا۔ انہوں نے تیسرے فریم میں ایک سو تئیس کا بریک بھی بنایا۔ ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں شاہد آفتاب نے فرحان نور کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی ۔ واضح رہے کہ شاہد آفتاب حالیہ کامیابی سے قبل مسلسل دو میچوں میں ناکامی کا سامنا کر چکے ہیں۔ چیمپئن شپ میں محمد سجاد نے اب تک کا سب سے بڑا 133 کا بریک بھی بنایا۔ انہوں نے فرحان نور کو دو کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا جبکہ دفاعی چیمپئن محمد آصف نے محمد سجاد کو چار صفر فریمز سے زیر کیا۔ یہ سجاد کی ایونٹ میں پہلی شکست تھی اس سے قبل وہ تین میچوں میں ناقابل شکست تھے ۔دیگر میچوں میں عمران شہزاد، حمزہ اکبر، محسن امین، بابر مسیح، خرم آغا، محمد بلال، محمد آصف، عبدالستار، اسجد اقبال، عامر طارق اور ابو صائم نے بھی اپنے میچز جیت لئے ہیں۔
رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ : شاہد ،محمد سجاد، محمد آصف نے میچ جیت لئے
Nov 22, 2013