لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے چوتھے مرحلہ میں راولپنڈی ریمز، پشاور پینتھرز، بہاولپور سٹیگز، ملتان ٹائیگرز، لاہور لائینز اور فیصل ولوز کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ بہاولپور سٹیگز نے لاہور ایگلز کو 113 رنز سے مات دی۔ بہاولپورنے 9 وکٹوں پر 228 رنز بنائے۔ جواد حسین نے 49 اور فیصل مبشر نے 47 نمایاں رنز بنائے۔ لاہور کی ٹیم 115 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ راولپنڈی ریمز نے سیالکوٹ سٹالینز کو 2 وکٹوں سے مات دی۔سیالکوٹ ٹیم نے 7 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ راولپنڈی کی ٹیم نے ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پشاور کی ٹیم نے ایبٹ آباد کے خلاف 21 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پشاور نے 280 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد کی ٹیم 259 پر ڈھیر ہو گئی۔ ملتان ٹائیگرز نے حیدر آباد ہاکس کو 5 وکٹوں سے مات دی۔ حیدر آباد ہاکس نے تمام وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ ملتان کی ٹیم نے عامر یاسین (63) اور محمد وارث (58) کی ٹیم نصف سنچریوں کی بدولت ہدف پانچ وکٹوں پر پورا کر لیا۔ لاہور لائینز نے اسلام آباد لیپرڈز کو 12 رنز سے مات دی۔ لاہور کی ٹیم نے 8 وکٹوں پر 269 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی ٹیم 256 رنز بنا سکی۔ فیصل آباد ولوز نے کوئٹہ بیئرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں کوئٹہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے تمام وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔ عتیق الرحمان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فیصل آباد کی جانب سے وقاص مقصود اور اسد علی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔