لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ صوبے کو امن و امان کا گہوارہ بنانا اور امن کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز، انتظامیہ اور پولیس حکام صوبے میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے آج جمعة المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس حکام چوکس رہیں اور تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر مزید نفری تعینات کی جائے۔ وہ گذشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے کے 9 ڈویژنوں میں ارکان اسمبلی ، کمشنرز ، آر پی اوز اور متعلقہ حکام سے خطاب کر رہے تھے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام اضلاع میں ارکان اسمبلی، انتظامیہ اور پولیس حکام مشترکہ حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں اور علمائے کرام وتاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اضلاع کی سطح پر امن کمیٹیوں کو متحرک اور فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے حوالے سے تمام احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں اور کسی کو بھی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ میری علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور اتحاد و یگانگت، تحمل، برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کے لئے اپنا مزید م¶ثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قومی ذمہ داری سمجھ کر فرائض سرانجام دینے والے پولیس اور انتظامی افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور میں امید کرتا ہوں کہ آج جمعة المبارک کے موقع پر بھی بہترین اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنا کر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ راولپنڈی کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ راولپنڈی میں تمام متاثرہ دکانوں، مسجد اور مدرسہ کی تعمیر فی الفور کی جائے گی اور اس کے لئے پنجاب حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی اور انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ مشترکہ کاوشوں، محنت اور اجتماعی بصیرت سے ہی ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب میں سرمایہ کاری کرے، تمام ضروری سہولیات اور تحفظ فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز اوورسیز انویسٹرز چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے صدر کیمی ہائیڈ آنڈو اور نائب صدر اسد جعفر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے کہا کہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن بے حد ضروری ہے۔ پنجاب حکومت صوبے میں پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں او آئی سی سی آئی کی توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں اور مراعات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو صحیح ڈگر پر ڈالنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے ہیں۔ او آئی سی سی آئی کے صدر کیمی ہائیڈ آنڈو نے کہا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت کی سمت درست ہے اور کاوشیں سنجیدہ ہیں۔ امید ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا شاندار عوامی منصوبہ ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز ماسٹر کارڈ کمپنی مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے صدر مائیکل مائی باخ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ماسٹر کارڈ متعارف کرانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور گڈگورننس کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ ماسٹر کارڈ کو عوامی خدمات کے محکموں میں متعارف کرا کر ان کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل اور اداروں سے کرپشن کے خاتمے کیلئے م¶ثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پنجاب حکومت ماسٹر کارڈ متعارف کرانے کے حوالے سے ماسٹر کارڈ کمپنی سے مکمل تعاون کرے گی۔ غریب عوام کو صحت کی معیاری اور بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجرا کیا جا رہا ہے، ماسٹر کارڈ اس سکیم کیلئے بھی سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔ ماسٹرکارڈ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے صدر مائیکل مائی باخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ صوبائی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے مکمل تعاون کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف
واقعہ راولپنڈی کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے : شہباز شریف
واقعہ راولپنڈی کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے : شہباز شریف
Nov 22, 2013