ایف بی آر کو پینٹ مینو فیکچرز یونٹس پر چھاپوں سے روکا جائے: لاہور چیمبر

ایف بی آر کو پینٹ مینو فیکچرز یونٹس پر چھاپوں سے روکا جائے: لاہور چیمبر

Nov 22, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انٹیلی جنس یونٹ کو پینٹ مینوفیکچررز یونٹس پر چھاپے مارنے سے روکا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے تاجر برادری میں خوف و ہراس پیدا ہورہا ہے۔ پینٹ مینوفیکچررز کے پچاس رکنی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کے موقع پر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی وزیر خزانہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت کے باوجود بیوروکریسی کاروباری افراد کو ہراساں کررہی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا انٹیلی جنس یونٹ پینٹ مینوفیکچرنگ یونٹس کے مالکان کو گرفتار کرنے اور اُن کا ریکارڈ ضبط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ نجی شعبہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے لیکن ضروری ہے کہ انہیں پُرسکون ماحول مہیا کیا جائے۔ موجودہ حالات میں نجی شعبے کے لیے اپنے کاروبار تک جاری رکھنا مشکل ہوچکا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار صورتحال کا نوٹس لیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کوفیکٹریوں اور کارخانوں میں داخل ہونے سے منع کریں۔ اگر کسی انڈسٹریل یونٹ میں جانا بھی ہو تو ایف بی آر حکام کو ہدایت کی جائے کہ وہ متعلقہ ایسوسی ایشن یا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لیں۔

مزیدخبریں