گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)حکومت کی جانب سے ایس آر او فور21 کے تحت ملنے والی چھوٹ کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے صنعتکاروں نے اعلی حکومتی شخصیت سے مبینہ ساز باز کرنے کے بعد کمرشل امپورٹروں کے ذریعہ کمپریسر سکریپ امپورٹ کرکے محکمہ سیلز ٹیکس کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ نے سٹیل اور ری رولنگ ملز مالکان کو کمپریسر سکریپ امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی تھی کیونکہ اس میں لوہے تانبہ اورمختلف اقسام کی دھاتیں بھی نکلتی ہیں مگر سٹیل اور ری رولنگ ملز مالکان نے ایک اعلی حکومتی شخصیت سے مبینہ طور پر ساز باز کرکے کمرشل‘ امپورٹروں کے ذریعہ کمپریسر سکریپ امپورٹ کروالیا جس سے محکمہ سیلز ٹیکس کو سیلز ٹیکس کی مد میں کرڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال اینٹیلی جنس حکام سندھ نے دوران کاروائی بے شمار کنٹینر جو کہ سٹیل ملزکے نام پر امپورٹ ہوئے تھے انہیں کمرشل امپورٹروں کے گوداموں سے برآمد کرکے قبضہ میں لے لیاتھا اور متعدد کنٹینرز کراچی پورٹ پر روک دئیے گئے تھے بعد ازاں ان کنٹینرزکو بھاری جرمانہ اور ایڈیشنل سیلز ٹیکس عائد کرنے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس معاملے کی اعلی سطحی انکوائری کی جارہی ہے۔
برآمدکنندگان کی اعلیٰ حکومتی شخصیت سے سازباز‘ سیلز ٹیکس کی مد میں خزانے کو کروڑوں کا نقصان
Nov 22, 2014