اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) انصار الامہ پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہے کہ بھارت اس خطے میں بدامنی کا ذمے دار ہے، بھارت کا دہشت گرد وزیراعظم مودی پورے خطے کو جنگ کی آگ میں لپیٹنا چاہتا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے اور تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے جس کا علاج صرف جہاد سے ہی ممکن ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے بھارت کے حوالے سے جن خدشات کا اظہار کیا ہے وہ سوفی صد درست ہیں۔ حکومت بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے اور مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کا پلیٹ فارم متحرک کیا جائے اور کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل سمیت عالمی کفریہ طاقتیں پاکستان پر دبائو بڑھانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انصار الامہ میڈیا سیل سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ معمول بن چکاہے اور اس کے نتیجے میں پاکستانی فوج اور عام شہریوں کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔ اس سے قبل آٹھ نومبر کو بھی بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ بھارت مذمت کی زبان نہیں سمجھتا، اس کا علاج صرف جہاد میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے اور کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کا پلیٹ فارم متحرک کیا جائے۔
پاکستان مصلحت پسندی چھوڑ کر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے: فضل الرحمن خلیل
Nov 22, 2014