برسلز+ پیرس (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے علاقے میں پیرس جیسے حملوں کے خطرہ کے پیش نظر دہشت گردی کا انتباہ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ حکام نے دہشت گردی کے خطرات کو انتہائی سنجیدہ اور فوری خطرہ قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے حملے کے خطرے کے پیش نظر میٹرو سٹیشن بند کر دئیے گئے۔ اتوار تک میٹرو سروسز بند رہیں گی، عوام کو شاپنگ سینٹرز اور کنسرٹ سمیت ہجوم کے مقامات سے دور رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔ بیلجیم کے دوسرے علاقوں کیلئے سکیورٹی کی سطح نیچے ہے تاہم خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ بیلجیئن پولیس نے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے امریکیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایک ہفتے قبل پیرس میں ہونے والے حملوں کے مشتبہ ملزموں کا تعلق برسلز سے بتایا جاتا ہے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سب سے زیادہ مطلوب شخص صالح عبدالسلام بیلیجئم واپس جا چکا ہے۔ ترکی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مراکشی نژاد بیلجیئم کے ایک شہری کو پیرس میں ہونے والے حملوں سے تعلق کے شبہ میں ترکی سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ شام میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران دو شامی باشندوں کو بھی حراست میں لیا گیا جو مذکورہ شخص کو شام میں داخل ہونے کے لئے سرحد پار کرانے میں مدد کر رہے تھے۔ بیلجیئم کے وزیراعظم چارلس مائیکل کا کہنا ہے کہ برسلز میں دہشت گردی سے چوکنا رہنے کی سطح انتہائی درجے پر لے جانے کا فیصلہ ایسے حملے کے خدشے کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ’جیسا کہ پیرس میں ہوا تھا‘۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ’گولہ بارود سے لیس کئی مسلح افراد ایک جگہ یا مختلف مقامات پر حملے کر سکتے ہیں۔‘ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ حملوں کے بیلجیئم میں بھی مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ فرانسیسی ٹی وی سے انٹرویو میں فرانسیسی وزیراعظم مینول والز نے کہا ہے کہ پیرس میں حملے کرنے والے بعض مشتبہ افراد یورپ میں تارکین وطن کے بحران سے فائدہ اٹھا کر یہاں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انہوں نے یورپی یونین کو خبردار کیا کہ وہ بارڈر کنٹرول سے متعلق اپنی ذمہ داری قبول کرے۔ یورپی یونین نے اگر سرحدوں پر کنٹرول کو بہتر نہ بنایا تو اس کا پاسپورٹ فری زون شینگن خطرے سے دوچار ہو جائے گا۔ پیرس حملوں کے ایک گھنٹے بعد عبدالحمید ابا کو عود قریبی ریلوے سٹیشن کے پاس دیکھا تھا۔ داعش نے فرانس میں نئے حملے کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق داعش نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ فرانس پر مزید حملے بھی کئے جا سکتے ہیں۔ ائرفرانس کے مسافر طیارے میں مشکوک الیکٹرونک آلے کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ پرواز پیرس سے مانچسٹر جا رہی تھی۔دریں اثنا فرانسیسی پولیس نے گزشتہ ہفتے چھاپوں میں گرفتار کئے گئے7 افراد رہا کردئیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اے کے47 رائفل پر عبدالحمید عیور کے فنگر پرنٹس موجود ہیں۔