مالی: حملے میں بیلجیئن عہدیدار، روسی چینی، امریکی، اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے

Nov 22, 2015

بماکو/ اسلام آباد (بی بی سی ڈاٹ کام) مالی کے دارالحکومت باماکو میں امریکی ہوٹل پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز حملے میں ملوث کم از کم تین مشتبہ افراد کو تلاش کر رہی ہے۔ جمعہ کو باماکو کے ریڈیسن بلو ہوٹل میں شدت پسندوں نے درجنوں افراد کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں سے 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ جب سکیورٹی فورسز نے یرغمالیوں کو رہا کرانے کیلئے کارروائی کی تو اس میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ تین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ صدر ابراہیم بوبکر کیتا نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے علاوہ تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صدر کا مزید کہنا تھا کہ انکا ملک ’دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے ہر قسم کے اقدامات اٹھائیگا۔ مالی کے سرکاری حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 27 افراد میں بلجیم ریجنل اسمبلی کے عہدیدار ، چینی، 6 روسی، ایک امریکی، ایک اسرائیلی شہری بھی شامل تھا۔ ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ مالی کے ہوٹل میں کسی پاکستانی کی اطلاع نہیں تاہم وزارت خارجہ الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں ہے۔ پاکستان نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں