لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بھارت میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان 25 نومبر کو ایک روزہ ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم 4 دسمبر کو بھارت روانہ ہوگی۔ حکومت پاکستان نے قومی جونیئر ٹیم کو بھارت میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے پہلے سے این او سی جاری کر رکھا ہے۔ ایک روزہ ٹرائلز میں 18 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ اس وقت جوہر ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہیڈ کوچ اولمپیئن طاہر زمان کی زیر نگرانی 26 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ کے حتمی سکواڈ کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی کو ٹرائلز کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔