او آئی سی سی آئی کا ملک میں خواتین کومزید بااختیار بنانے کا عہد

Nov 22, 2017

کراچی (لیڈی رپورٹر) اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کی ممبران غیر ملکی کمپنیوں نے خواتین کیلئے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے بہتر ماحول اور خواتین کو مزید بااختیار بنانے کاعہد کیا ہے۔ یہ عہد اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ممبر کمپنیوں نے او آئی سی سی آئی کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (CSR) سب کمیٹی کی جانب سے خواتین کیلئے پیشہ ورانہ مواقعوں میں اضافے اور انہیں مزید بااختیار بنانے کے موضوع پر سیمینار کے اختتام پر کیا۔ اس سمینار میں اقوام متحدہ خواتین کے ادارے یو این وومن (UN Women) نے بھی بھرپور شرکت کی۔ خواتین کو بااختیار بنانا اور صنفی امتیاز سے چھٹکارا، اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف میں شامل ہے اور ممبران کی جانب سے یہ عہد پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔ اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے صدر خالد منصور، یو این وومن پاکستان کے ہیڈ جمشید قاضی، او آئی سی سی آئی کی سی ایس آر سب کمیٹی کے سربراہ برونو اولیرہوک ودیگرنے خطاب کیا۔

مزیدخبریں