لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ نے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے جو ملک کی معاشی صورتحال کیلئے نقصان دہ ہے ۔ ادائیگی توازن کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ اور سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور برآمدات میں کمی کی وجوہات تلاش کی جائیں ۔ التوا کا شکار ریفنڈز ادائیگیاں جلد از جلد کی جائیں۔بجلی و گیس کے نرخ کم کئے جائیں او انکے ریٹس کو منجمد کر دیا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں اضافہ نہ ہونے پائے۔ حالیہ عرصے کے دوران صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا جبکہ خطے میں دیگر ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کے باعث ان کی اشیاء بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی نسبت سستی دستیاب ہیں جس کے باعث پاکستانی برآمدات میں تیزی سے کمی اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔
برآمدات میں کمی، درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ تیزی سے بڑھ رہا ہے: پیاف
Nov 22, 2017