اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار آج بدھ کو انتخابی ایکٹ 2017 ء کے تحت نااہل شخص کے پارٹی صدر بننے سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیلوں کی ان چیمبر سماعت کریں گے، عدالت نے درخواست گزاروں کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017ء کی شق 203کے تحت نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بننے کا اہل قرار دیا تھا جس کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں تاہم رجسٹرار آفس نے درخواستوں پر اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، ودود قریشی اور دیگر نے اپیلیںدائر کی تھیں۔