لاہور (نمائندہ سپورٹس) ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ 2021ء میں انگلینڈ میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی ہے جبکہ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے قوانین میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے اسی طرح آئندہ ماہ ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے انتظامات پرکونسل نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا اجلاس بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں صدر مہانتیش جی کے کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں 10 ممالک میں سے 9 ممبر ممالک نے شرکت کی جبکہ پاکستان کی طرف سے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل یوسف ہارون نے سکائپ کے ذریعے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ٹی ٹوئنٹی عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ 2021ء میں انگلینڈ میں ہو گا۔ اس کے علاوہ بلائنڈ کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے بی ون کھلاڑی (ٹوٹل بلائنڈ) پھینکنے والے اوورز 40کی بجائے 30فیصد کوٹہ کردیا گیا ہے ۔اجلاس میں ون ڈے میچ کے پاور پلے کو دو حصوں پر تقسیم کیا گیا۔ پہلے ایک روزہ میچ میں پاور پلے میں 16 اوور پر مشتمل ہوتا تھا تاہم اس میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلا پاور پلے 16کی بجائے 10اوورز پر مشتمل ہو گا جبکہ دوسرا پاور پلے 6 اوورز پر بیٹنگ پاور پلے ہو گا۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے عالمی کپ 2021 ء انگلینڈمیں کرانے کی منظوری دیدی
Nov 22, 2017