قومی کرکٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ نیوزی لینڈ میں لگانے کا فیصلہ

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا تربیتی کیمپ نیوزی لینڈ میں ہی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گرین شرٹس 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کیلئے 20 دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔ پاکستانی کرکٹرز کی قومی ٹی ٹونٹی اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروفیت کے پیش نظر پی سی بی نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے تربیتی کیمپ کیویز کے دیس میں ہی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان کا غیر ملکی کوچنگ سٹاف ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، فیلڈنگ کوچنگ سٹیو رِکسن ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر گرانٹ لوڈن بھی چھٹیاں منانے اپنے اپنے وطن میں موجود ہیں۔ بائولنگ کوچ اظہر محمود کھلاڑیوں کی سکریننگ کیلئے پاکستان میں ہیں۔ گرین شرٹس نیوزی لینڈ کیخلاف 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی کھیلیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 6 جنوری کو شیڈول ہے۔ مکی آرتھر اور سٹیو رکسن میزبان ملک میں ہی ٹیم کو جوائن کریں گے ۔ گرانٹ فلاور اور گرانٹ لیوڈن دبئی میں جوائن کریں گے ، اس دوران نئے فزیو تھراپسٹ کی تعیناتی عمل میں لائے گی۔نیوزی لینڈ روانگی سے قبل کھلاڑیوں کی سکریننگ کی جائے گی جس کی نگرانی بائولنگ کوچ اظہر محمود کریں گے، پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں ون ڈے سیریز سے قبل 3 جنوری کو پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کیلئے احمد شہزاد اور عثمان شنواری کو ڈراپ کردیا گیا۔ ہیڈ کوچ اور سلیکٹرز کے درمیان دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی سکواڈکو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت ہوئی جس میں احمد شہزاد او عثمان شنواری کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔احمد شہزاد کی جگہ اظہر علی اور عثمان شنواری کی جگہ رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اظہر علی گھٹنے کی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے تھے تاہم اب وہ انگلینڈ سے علاج کے بعد مکمل فٹ ہو کر واپس آگئے ہیں ۔احمد شہزاد سری لنکا کے خلاف سریز میں بھی متاثر کن پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے۔ سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان شنواری کو انجری کے باعث ڈراپ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن