کوئٹہ/ کراچی (بیورو رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق میئر کراچی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی طرز پر کراچی کے منحرف لوگوں کے لئے بھی پیکج دینا ہو گا، فاروق ستار پشاور اور کوئٹہ کے دوروں کے طعنے دیتے ہیں، بلوچستان ہائی کورٹ بار روم میں وکلاء سے خطاب کرتے مصطفی کمال نے کہا فاروق ستار عورتوں کی طرح طعنے دینا بند کریں، انکی منزل صرف سیٹ حاصل کرنا ہے، پی ایس پی سیاسی جماعت کے طور پر الیکشن میں بھرپور انداز میں ملک بھر میں حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ ایم کیو ایم کے بانی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا، پاکستان کے جھنڈے کا دوست ہمارا دوست ہے۔ انہوں نے کہا پی ایس پی سیاسی مقاصد کے لیے اختلافات پیدا کر کے دشمن نہیں بناتی بلکہ ہم پورے ملک کو جوڑنے کی سیاست کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم بانی کے سامنے سچ بولنے کی سزا موت تھی، ان حالات میں زندہ رہنے کا سوچا نہیں جا سکتا تھا۔ فاروق ستار کو ایم کیو ایم کا سربراہ بنا کر سابق لیڈر کو نئی سانس دی گئی ہے اور فاروق ستار کا ابھی بھی ایم کیو ایم کے سربراہ سے رابطہ ہے وہ مہاجرین کے نام پر مفادات حاصل کررہے ہیں مہاجرین کے مسائل حل کرنے میں انکو کوئی دلچسپی نہیں وہ صرف ایک سیٹ حاصل کرنے کے خوہشمند ہیں سیاست میں یا تو آدمی پورا سچ بولیں آدھا سچ بولنے سے بات نہیں بنتی۔ فاروق ستار نے میرے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس میں جو کچھ کہا تھا وہ پورا سچ نہیں تھا، میں نے مہاجر قوم سے کچھ نہیں چھپایا اور انکو سب کچھ بتا دیا۔ مزید براں وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ہم لوگوں میں تفرقات ختم کر کے وطن سے رشتہ مضبوط کر کے سب کو سبز ہلالی پرچم تلے جمع کر رہے ہیں ہمیں ووٹوں اور سیٹوں کی پرواہ نہیں، ملک سے نفرتوں کی سیاست کا خاتمہ کر رہے ہیں، لوگ ہمارا پیغام سمجھ کر ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔
.کراچی میں منحرف لوگوں کو بلوچستان طرز کا پیکیج دینا ہو گا: مصطفی کمال
Nov 22, 2017